ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہندوستان کی5ریاستوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے کورونا ، مہاراشٹر میں کورونا کا قہر، 28 مارچ سے پوری ریاست میں نائٹ کرفیو

ہندوستان کی5ریاستوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے کورونا ، مہاراشٹر میں کورونا کا قہر، 28 مارچ سے پوری ریاست میں نائٹ کرفیو

Sat, 27 Mar 2021 10:55:09    S.O. News Service

نئی دہلی، 27؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکزی وزارت صحت نے جمعہ کو کہا کہ 5 ریاستوں - مہاراشٹر، پنجاب، کرناٹک، چھتیس گڑھ اور گجرات میں کورونا کے یومیہ کیسوں میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے-

وزارت کے مطابق ایک دن میں ملک میں کورونا کے 59118 نئے کیس سامنے آئے ہیں - فروری کے وسط میں کورونا کیسوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی، لیکن اس کے بعد زیر علاج مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے- زیر علاج مریضوں کی تعداد تقریباً ساڑھے 3 ماہ کے بعد 4 لاکھ کو عبور کر چکی ہے- مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4.21 لاکھ ہوگئی ہے-

وزارت صحت نے بتایا کہ ملک میں زیر علاج کل مریضوں میں سے 73.64 فیصد مریض تین ریاستوں مہاراشٹر، کیرلا اور پنجاب میں ہیں -کورونا کے یومیہ کیسوں میں مہاراشٹر میں ایک دن میں سب سے زیادہ 35952 کیس ریکارڈ ہوئے، اس کے بعد پنجاب میں 2661 اور کرناٹک میں 2523 واقع ہوئے-

وزارت کے مطابق ملک میں پائے جانے والے نئے کیسوں میں سے 80 فیصد مہاراشٹر، پنجاب، کرناٹک، چھتیس گڑھ، کیرلا اور گجرات میں رپورٹ ہوئے ہیں - دس ریاستوں مہاراشٹر، گجرات، پنجاب، مدھیہ پردیش، دہلی تملناڈو، چھتیس گڑھ، کرناٹک، ہریانہ اور راجستھان میں ہر روز نئے کیسوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے- ایک دن میں مزید 32987/ افراد اس وبا سے صحت یاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر 11264637 / افراد صحت یاب ہوئے ہیں - اعداد و شمار کے مطابق ایک دن میں 257/ افراد ہلاک ہوئے ہیں - وزارت نے بتایا کہ ملک میں اس وبا کی وجہ سے ہونے والی اموات میں سے 78.6 فیصد 6 ریاستوں میں ہوئی ہیں -

دوسری جانب مہاراشٹر میں کورونا کی بے قابو ہوتی رفتار کے بعد ریاستی حکومت ایکشن میں آگئی ہے- وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے پوری ریاست میں 28 مارچ سے نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے-واضح رہے کہ مہاراشٹر میں کورونا کے انفیکشن مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں - وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے لوگوں سے کورونا گائڈ لائنس ماننے کی اپیل کی تھی، لیکن کورونا انفیکشن میں کمی نہیں آئی تھی- ریاست میں رات 8 بجے سے صبح 7 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا-


Share: